ایڈورڈ اسنوڈن کو پناہ دینے پر باراک اوباما کا روسی صدر سے ملاقات نہ کرنے کا اعلان

امریکی صدر کی جانب سے روسی ہم منصب سے ملاقات نہ کرنے کی وجہ سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو پناہ دینا ہے۔

روس واپس "سرد جنگ " کے زمانے کی طرف جا رہا ہے، صدر اوباما فوٹو: رائٹرز/فائل

KHAIRPUR:
امریکی صدر باراک اوباما نے روس کی جانب سے امریکی حساس ادارے سی آئی اے کے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو عارضی پناہ دینے پر احتجاجا آئندہ ماہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن سے ہونے والی ملاقات ملتوی کر دی ہے جبکہ دوسری جانب روس نے صدر اوباما کی جانب سے دورہ ملتوی کرنے کو افسوسناک عمل قرار دیا ہے۔

امریکی صدارتی آفس وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا دورہ ملتوی ہونے کی ایک بڑی وجہ واشنگٹن اور ماسکوکے درمیان ایڈورڈ سنوڈن کے حوالے سے بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر اوباما کے پہلے دور حکومت میں روس سے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ مل سکی۔ جے کارنے کا کہنا تھا کہ روس کو بتا دیا تھا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران ماسکو کے ساتھ میزائل ، دفاع اور اسلحہ کو کنٹرول کرنا، تجارت ، گلوبل سیکیورٹی کے معاملات، ہیومن رائٹس اور سول سیکیورٹی جیسے کئی معاملات پر خاطر خواہ کامیابی کے بغیر روس کے ساتھ تعلقات کو مزید آگے نہیں بڑھا سکتا۔


جے کارنے کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے سنوڈن کو عارضی پناہ دینا بھی امریکی صدر باراک اوباما کے دورہ ماسکو ملتوی ہونے کی ایک وجہ ہے۔

گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں امریکی صدر باراک اوباما نے بھی روسی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روس واپس "سرد جنگ " کے زمانے کی طرف جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ روس نے گزشتہ ہفتے سی آئی اے کی اہم معلومات افشاں کرنے والے اہلکار کو ایک سال کے لئے عارضی پناہ دی تھی جس کے بعد سے امریکا کی جانب سے آئندہ ماہ جی 20 کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے بھی بیانات سامنے آئے تھے۔
Load Next Story