لیاری دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کیلیے ٹیم تشکیل

ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں، آئی جی

آئی جی سندھ نے کہا کہ لیاری ٹاؤن دہشت گردی کے وقوعے کی تفتیش میں جدید فارنسک سائنس کی تکنیکی سے استفادہ کیا جائے۔ فوٹو: راشد اجمیری/ ایکسپریس

آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کراچی میں ہونے والے دھماکوں کے واقعات پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفتیش میں اب تک کی پیش رفت پر مشتمل تفصیلات کے علاوہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے سلسلے میں تیار کردہ عید الفطر کنٹی جینسی پلان کے تحت اختیار کردہ حکمت عملی و لائحہ عمل پر مفصل رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انھوں نے کہا کہ لیاری ٹاؤن دہشت گردی کے وقوعے کی تفتیش میں جدید فارنسک سائنس کی تکنیکی سے استفادہ کیا جائے، تمام پہلوؤں زاویوں سے نہ صرف تحقیقات بلکہ شواہد کی مدد سے گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں ، انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ جرائم سے متاثرہ علاقوں میں سراغ رسانی اورریکی کے ٹھوس اقدامات کے تحت جرائم پیشہ عناصر ،ان کے ٹھکانوں،انھیں پناہ دینے والے عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کوموثر بنانے کے ساتھ ساتھ قتل ، ڈکیتی و رہزنی ، دہششت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہار ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔




انھوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال اور غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں تمام بسوں ویگنوں اور کوچز کے ٹرمینلز ، ریلوے اسٹیشنوں و دیگر پبلک مقامات پر حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی ، چیکنگ ، پٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو بھی مزید سخت اور نتیجہ خیز بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ محکمانہ فرائض میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہوگی اور مرتکب ٹھرائے جانے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی ، ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ کی ہدایات پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے لیاری دہشت گردی واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں ایس ایس پی ساؤتھ ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ٹو ساؤتھ ، ایس پی لیاری ، ایس ڈی پی او سٹی ساؤتھ زون اور ایس آئی او کلاکوٹ پر مشتمل تفتیشی ٹیم قائم کردی۔
Load Next Story