بجلی مہنگی اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں5ہزار روپے فی ٹن اضافہ متوقع

بجلی کے نرخ میں5.4روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کے باعث اسٹیل بلٹس کی لاگت 4320روپے بڑھ جائیگی

وائرراڈز،گرائیڈر، اینگلز، ٹی آئرن اور سیکشنزکی قیمت میں5022روپے فی ٹن اضافہ ہوگا،اسٹیل مینوفیکچررزایسوسی ایشن فوٹو : فائل

حکومت کی جانب سے انڈسٹریل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخ بڑھانے سے ملک میں اسٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً5 ہزار فی ٹن اضافہ ہو جائے گا۔

پاکستان اسٹیل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے اسٹیل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخ میں تقریباً 5.40روپے فی یونٹ اضافہ کیا ہے جس سے اسٹیل بلٹس کی تیاری میں 4320روپے اضافی لاگت آئیگی۔ ترجمان نے بتایا کے اسٹیل بلٹس کے علاوہ وائر راڈز، گرائیڈر ، اینگلز ، ٹی آئرن اور سیکشنز کی قیمت تقریباً 5022روپے فی ٹن کے حساب سے بڑھ جائے گی۔




اسٹیل انڈسٹری کے 90فیصد میلٹرز اور ری رولرز B-3کیٹیگری بجلی صارفین ہیں جن کے لیے حکومت نے PEAK HOUR RATES میں 48فیصد اضافہ کیا ہے جو12.68روپے سے بڑھ کر18.81روپے ہوگئے ہیں جبکہ OFF PEAK نرخ میں68فیصد اضافہ کیا ہے جو 7.75 روپے فی یونٹس سے بڑھ کر 13روپے فی یونٹس ہوگئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسٹیل مصنوعات کا بہت سا خام مال بھی درآمد کیا جاتا ہے اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کی وجہ سے اسٹیل انڈسٹری پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے۔

ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بجلی کے نرخ میں ہوشربا اضافے سے ملکی صنعتوں میں بجلی چوری مزید بڑھ سکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومتی فیصلے کے نتیجے میں تعمیرات کے شعبے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا، صارفین کو اسٹیل مصنوعات پر مزید بوجھ اٹھانا پڑے گا۔
Load Next Story