بھارت کو سی پیک منصوبوں میں شامل کیا جائے ورلڈ بینک کی پاکستان کو تجویز

بھارت سمیت خطے کے دیگر ملکوں کو سی پیک کا حصہ بنانے سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، عالمی ادارہ

رپورٹ ’’ 100سال کا پاکستان‘‘ میں پاک انڈیا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کو فعال ، ویزا کے عمل اور تجارت کو آسان بنانے کیلیے مذاکرات پر زور۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ورلڈ بینک نے بھارتی جارحانہ عزائم اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کو بھارت کے ساتھ تجارتی پینگیں بڑھانے کی تجویز دی ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ جنوب ایشیا اور وسط ایشیائی ریاستوں کے مابین علاقائی تجارت کو آسان بنانے کے لیے بھارت سمیت خطے کے دیگر ملکوں کو بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔


معاشی اور سماجی اہداف اور سفارشات پر مشتمل ''سو سال کا پاکستان'' رپورٹ میں ورلڈ بینک نے علاقائی تجارت میں پائے جانے والے امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے ممالک، وسط ایشیائی ریاستوں اور چین کے ساتھ اپنی مجموعی تجارت کو 18ارب 48کروڑ ڈالر کی موجودہ سطح سے 2047تک 58ارب ڈالر تک بڑھاسکتا ہے۔

ورلڈ بینک نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان انڈیا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کو فعال بنانے، عوام اور تاجروں کے لیے ویزا کے عمل کو آسان بنانے اور تجارت کو آسان بنانے کے لیے مذاکرات کے آغاز پر زور دیا ہے۔ پڑوسی ملکوں سے مضبوط تعلقات کے لیے بھارت سمیت خطے کے دیگر ملکوں کو سی پیک سے استفادہ کے لیے مدعو کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
Load Next Story