وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کی تقریب کی تیاریاں مکمل

تقریب میں ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔

اس سال یوم پاکستان کا تھیم "پاکستان زندہ باد" رکھا گیا ہے۔ فوٹو:فائل

وفاقی دارالحکومت میں 23 مارچ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پاک بھارت تنازعات اور سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کے باعث اس سال یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، اور 23 مارچ کی صبح اسلام آباد کے مقام شکر پڑیاں اور فیض آباد کے درمیان واقع پریڈ ایونیو میں شایان شان طریقے سے منعقد ہو رہی ہے، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

جمعرات کی صبح فل ڈریس ریہرسل کے ذریعے یوم پاکستان پریڈ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، اس سال یوم پاکستان کا تھیم "پاکستان زندہ باد" رکھا گیا ہے اسی مناسبت سے آئی ایس پی آر نے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے پرومو جاری کیے ہیں، یوم پاکستان کے حوالے سے دلوں کو گرمانے والا قومی نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔


یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے زیر استعمال دفاعی سازو سامان کی نمائش پاکستان کے عوام کے لیئے جوش و ولولہ جب کہ دشمنوں کے لیئے خوف و دہشت کی علامتیں، جن میں ایٹمی بیلسٹک و کروز میزائل، ٹینک، توپوں سمیت روایتی ہتھیار سب شامل ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا فضائی مظاہرہ دیکھنے لائق ہو گا، بھارتی طیارے مار گرانے پر تقریب کے شرکاء کی جانب سے شاہینوں کا یادگار استقبال یقینی ہے، جب کہ پریڈ میں آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے شامل ہوں گے جب کہ ترکی کے ایف سولہ، چین کے جے ٹین طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔

اس مرتبہ کی یوم پاکستان پریڈ کی خاص بات دوست ممالک کی خصوصی شرکت ہے، ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد خصوصی طور پر شریک ہوں گے، جب کہ آذر بائیجان کے وزیر دفاع اور بحرین کی فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہوں گے، صدر مملکت عارف علوی پریڈ سے خطاب کریں گے، جب کہ وزیراعظم، مسلح افواج کی قیادت بھی سلامی کے چبوترے پر موجود ہو گی۔

پریڈ تقریب کے لیے صدر مملکت کی جانب سے جاری کئے گئے دعوت ناموں کے علاوہ نہ صرف پریڈ ایونیو بلکہ اطراف کی سڑکوں پر بھی داخلہ ممنوع ہو گا، ایسی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہیں، 23 مارچ کو علاقے میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، جب کہ معمول کی ٹریفک کے لئے بھی متبادل پلان جاری کیا گیا ہے۔

 
Load Next Story