یومِ پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ

یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تھے

صدر پاکستان روایتی صدارتی بھگی میں تقریب کیلئے پریڈ ایونیو آئے فوٹو: فائل

یوم پاکستان کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

ملک بھر میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئرچیف مجاہد انور خان اور ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔

یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تھے جب کہ آذر بائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کی فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی تقریب میں شریک تھے۔



صدر پاکستان روایتی طورپر صدارتی بگھی میں تقریب کیلئے پریڈ ایونیو آئے، وزیر اعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج، رینجرز ، اسلام آباد پولیس ، بوائز اسکاﺅٹس، گرلز گائیڈ اور ایف سی کے دستوں نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔




دفاعی ساز وسامان کی نمائش

پریڈ کے دوران دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں الخالد سمیت دیگر اقسام کے ٹینکس اور میزائل شامل تھے۔



طیاروں کا فلائی پاسٹ

ایئر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، ایئر چیف مارشل نے ایف16طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائےاور فضا میں بلند ہوگئے اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔



صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جب کہ ایئرچیف نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔ اس کے علاوہ جے ایف 17، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔
Load Next Story