کرائسٹ چرچ دہشتگردی میں شہید سید اریب کی میت پیر کو کراچی پہنچے گی

سید اریب کو کراچی کے سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا

سید اریب کی میت کے ہمراہ ان کی کمپنی کا ایک ملازم بھی پاکستان آئے گا فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانی نوجوان سید اریب کی میت پیر کی صبح کراچی پہنچے گی۔

نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹرعبدالمالک کے مطابق سید اریب کا جسد خاکی غیر ملکی ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شہید کی میت پیر کی صبح 10 بجے غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 600 کے ذریعے کراچی پہنچائی جائےگی۔ میت کے ہمراہ ان کی کمپنی کا ایک ملازم بھی پاکستان آئے گا۔


کراچی سے تعلق رکھنے والے سید اریب کی نماز جنازہ کل ہی ادا کی جائے گی اور انہیں سخی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

15 مارچ کو کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ایک انتہا پسند عیسائی نے 2 مساجد میں گھس کر فائرنگ کرکے 50 افراد کو شہید کردیا تھا، شہدا میں 10 پاکستانی بھی شامل تھے۔
Load Next Story