وزیراعلیٰ پنجاب کا اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی حکمت عملی بنائی ہے، ذرائع

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی حکمت عملی بنائی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نئی حکمت عملی بنالی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اب چپ کی پالیسی کو ترک کرکے فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں گے اور اپوزیشن کے چھکے چھڑائیں گے، نئی حکمت عملی کے تحت وزیراعلیٰ عثمان بزدار خود بھی متحرک انداز میں میدان میں نکلیں گے اور وزرا کی ٹیم کو بھی فعال بنائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے اضلاع میں اچانک دوروں کا فیصلہ بھی کیا ہے جس وہ گورننس کے محاذ پر پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کریں گے، عثمان بزدار وزرا کے ساتھ تسلسل سے اجلاس بھی کریں گے اور ان کی تجاویز کی روشنی میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر پر بھی اپوزیشن کے خلاف محاذ سنبھال لیا ہے جہاں سے اپوزیشن کی محاز آرائی کا سخت جواب دیا جائے گا۔
Load Next Story