قابل اعتراض فوٹو شوٹ میرے خلاف گہری سازش ہے وینا ملک

میگزین کے خلاف دعوی دائر کر رکھا ہے ’’کلیئرنس سرٹیفکیٹ‘‘ لے کر پاکستان آؤنگی

فلموں میں بولڈ سین فلم کی ڈیمانڈتھے،ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک وقوم کی بدنامی ہو۔ فوٹو: فائل

وینا ملک نے ایک بار پھر قابل اعتراض فوٹو شوٹ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے گہری سازش قرار دیدیا ہے ۔

اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اس میگزین کے خلاف ممبئی کی عدالت میں دعوی دائر کر رکھا ہے یہ کیس چل رہا ہے اور میں ''کلیئرنس سرٹیفکیٹ'' لے کر پاکستان آئونگی۔ وینا ملک نے کہا کہ اس فوٹو شوٹ کے بعد بہت سے میگزین فوٹو شوٹس کی آفرز ہوئیں مگر میں نے انکار کردیا۔ وینا ملک نے مزید کہا کہ بالی وڈ میں ابھی تک کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک وقوم کی بدنامی ہو ۔جہاں تک''زندگی ففٹی ففٹی'' اور ''سپر گرل'' جیسی فلموں میں بولڈ سین عکسبند کروانے کی بات ہے تو وہ فلم کی ڈیمانڈ تھی ۔ ویسے بھی میری ذاتی اورفلمی زندگی کو ایک ہی زاوئیے سے نہ دیکھا جائے ۔میں اپنے حدود میں رہتے ہوئے کام کر رہی ہوں ۔




فلموں میں آئٹم سانگ کے بارے میں کیے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ آغاز میں آئٹم سانگ کیے مگر اس سلسلہ کو جاری رکھنے کی بجائے فلمی کیرئیر پر توجہ دے رہی ہوں ۔ اگر میں چاہتی تو ابھی ''چھنو'' جیسے دس بارہ مزید آئٹم سانگز کرچکی ہوتی ، حالانکہ بالی وڈ کی اداکارائیں آئٹم سانگز شوق سے کرتی ہیں ۔ متنازعہ اداکارہ اور سیکنڈلز پر کہا کہ یہ تو شوبز کا حصہ ہیں دراصل میڈیا معمولی سی بات کو مرچ مسالہ لگا کر شائع کردیتے ہیں ۔بالی وڈ میں کام کرنیوالوں کی دوستیاں ہیں اور جن کے ساتھ کام کر رہی ہوں ان کے ساتھ آئیڈیا تعلقات ہیں میرے پاس تو فی الحال دوستی کرنے کا وقت نہیں ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنی محنت کے ذریعے بالی وڈ میں اپنا مقام بنایا ہے ۔ ساتھی اداکار اشمیت پاٹیل کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ۔ وینا ملک نے کہا کہ ملک سے باہر تین عیدیں اور تین سالگریں منا چکی ہوں کوشش تھی کہ یہ عید اپنی فیملی کے ساتھ منائوں مگر مصروفیت کے باعث نہیں آسکی۔
Load Next Story