عید پر ریکارڈ مہنگائی ہرا مصالحہ دگنی قیمت پر فروخت ہوا

ٹماٹر 160 روپے کلو،مرغی کا گوشت 320 روپے کلو،دھنیے پودینے کی کی گڈی20روپے،پیاز کی قیمت 70روپے فی کلو تک پہنچ گئی

دھنیے پودینے کی گنی چنی پتیوں کی گڈی کی قیمت 20روپے وصول کی گئی جبکہ پیاز کی قیمت 70روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

عید پر مصنوعی مہنگائی اور گراں فروشی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ٹماٹر کی قیمت 160روپے کلو تک پہنچ گئی۔

مرغی کا گوشت 300سے 320 روپے کلو تک فروخت کیا گیا، دھنیے پودینے کی گنی چنی پتیوں کی گڈی کی قیمت 20روپے وصول کی گئی جبکہ پیاز کی قیمت 70روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ضلعی انتظامیہ کی غیرموجودگی اور عید کی تعطیلات میں مصروفیات کا فائدہ اٹھا کر گراں فروشوں نے صحیح معنوں میں عوام سے عیدی وصول کی چاند رات کو دودھ کا تمام اسٹاک ختم ہوگیا جس کے باعث بیشتر دکانوں پر پائوڈر ملا دودھ فروخت کیا گیا اس موقع پرصارفین کو دودھ کے معیار کے بارے میں بھی شکایت کرتے پایا گیا دودھ کی سرکاری قیمت 70روپے لیٹر مقرر ہونے کے باوجود دودھ 78اور 80 روپے لیٹر تک فروخت کیا جارہا ہے۔




دوسری جانب عید کے پکوانوں میں استعمال کے باعث ہرے مصالحے اور سلاد میں شامل تمام اشیا دھنیا پودینہ، ہری مرچ، کھیرا، ٹماٹر، ادرک لہسن اور پیاز کی من مانی قیمتیں وصول کی گئیں عید کے دوسرے روز سبزی فروخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ منڈی میں سبزی نہیں تھی اور منڈی کی اکا دکا دکانوں پر سبزی مہنگے داموں فروخت ہوئی جس کی وجہ سے شہر میں سبزی مہنگی ہوگئی پیاز کی قیمت چاند رات تک 50 روپے کلو تھی جو عید کی تعطیلات میں بڑھ کر 60 سے 70روپے تک پہنچ گئی، آلو 20روپے کلو سے بڑھ کر 30 روپے کلو پر فروخت ہوا کھیرا 40کے بجائے 60 روپے کلو فروخت کیا گیا ادرک لہسن کی قیمت 160 روپے کلو تک پہنچ گئی، کمشنر کراچی نے عید کے 3 روز کے لیے زندہ مرغی کی قیمت120روپے کلو اور گوشت کی قیمت 210 روپے کلو مقرر کی تھی تاہم شہر بھر میں چاند رات سے عید کے 3 دن کے دوران مرغی کا گوشت 300 روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔

عید کی تعطیلات کے دوران آٹے کی قیمت 50 روپے کلو تک پہنچ گئی، ڈھائی نمبرآٹا عید کی تعطیلات سے قبل 42سے 44روپے کلو فروخت کیا جارہا تھا جوچاند رات سے عید کی تعطیلات کے دوران 50روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔ چھوٹی چکیوں نے بھی 46روپے کلو فروخت ہونے والا آٹا 48سے 50 روپے کلو میں فروخت کیا۔
Load Next Story