کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر انعامات کی بارش

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 11 ملین روپے کی انعامی رقم دیدی گئی

پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت کر کوئٹہ آئیں آج وہ خواب پورا ہو گیا، سرفراز احمد ۔ فوٹو : ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بلوچستان حکومت کی طرف سے 11 ملین روپے کی انعامی رقم دے دی گئی۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر انعامات کی بارش ہو گئی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعزاز میں بلوچستان حکومت کی طرف سے پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اگر انہیں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کوئٹہ کے پلیئرز کی انعامی رقم دگنی

وزیر اعلیٰ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کی مزید نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی جانب سے کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔


وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے لیے 11 ملین روپے کی انعامی رقم کا چیک ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں :سرفراز احمد بھی پاک فوج کے سپاہی بن گئے

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ کوئٹہ کے شہریوں کے ساتھ جیت کی خوشی منانے آئے ہیں، شہریوں نے ہمارا جس طرح تاریخی استقبال کیا میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ان کا خواب تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیت کر کوئٹہ آئیں، آج وہ خواب پورا ہو گیا، میری پوری کوشش ہو گی کہ پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہی جیتے۔

Load Next Story