کوٹری عید کے 3 روز مختلف حادثات و واقعات میں 11 افراد جاں بحق 31 زخمی

انڈس ہائی وے پر کار الٹنے سے میاں بیوی،سپر ہائی وے پر بس کی ٹکر سے 3 کار سوار

جھانگرا روڈ پر موٹرسائیکل تصادم میں 2 افراد جاں بحق۔

عید کے 3 روز مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 11 افراد جاں بحق، 31 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوٹری بچائو بند کا رہائشی خاندان کار میں کوٹری سے ٹھٹھہ جارہا تھا کہ انڈس ہائی وے پر کار الٹ جانے کے نتیجے میں جاوید بھٹو اور خاتون نجمہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور منظور منگنہار اور اس کی بیوی، بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کو ایل ایم یو حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔ دوسرا حادثہ سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب پیش آیا جہاں سکھر سے کراچی جانے والی بس اوورٹیک کرتے ہوئے آگے چلنے والی کار میں جا گھسی جس کے نتیجے میں کار میں سوار خادم حسین ،ممتاز علی لوند، فاروق احمد جتوئی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف سپر ہائی وے لونی کوٹ کے مقام پر کراچی سے نواب شاہ جانے والی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 6افراد زخمی ہو گئے جنھیں ایل ایم یو حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔




ایک حادثہ جامشورو پیٹارو کیڈٹ کالج کے مقام پر انڈس ہائی وے پر پیش آیا جہاں سیہون سے زیارت کے بعد کراچی جانے والی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے باعث کوچ میں سوار کراچی لیاری کے رہائشی 5 افراد زخمی ہو گئے جن میں 2 کی حالت انتہائی نازک ہونے پر انھیں حیدرآباد ایل ایم یو اسپتال روانہ کر دیا گیا۔ سیہون جھانگرا روڈ پر 2 تیز رفتار موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں الیاس گائینچو اور علی محمد گائینچو جاں بحق اور علی خان گائینچو، روشن برہمانی، جام گائینچو زخمی ہوئے۔

علاوہ ازیں انڈس ہائی وے پر علی آباد شہر کے قریب روڈ کراس کرتے ہوئے نامعلوم کار کی ٹکر سے 8 سالہ بچہ کاشف جلگرانی جاں بحق ہو گیا، متوفی لڑکا علی آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ دریائے سندھ میں المنظر جامشورو کے مقام پر حیدر آباد کا رہائشی 16 سالہ فیصل لوہاری ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے دوسرے دوست کو بچا لیا گیا۔ جبکہ جامشورو سپر ہائی وے ٹی موڑ پر جامشورو پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Load Next Story