کراچی میں 24 سال بعد 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کا اشتہاری مجرم گرفتار

ملزم 24 سال قبل شیر شاہ تھانے کے علاقے میں2 پولیس اہلکاروں کو قتل کرکے فرار ہو گیا تھا، ایس ایس پی شوکت

ملزم گرفتاری کے بچنے کے لیے ملائیشیا فرارہوکرروپوشی کی زندگی بسر کر رہا تھا، ایس ایس پی شوکت فوٹو۔ نمائندہ ایکسپریس

شیرشاہ پولیس نے 24 سال بعد 2 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں شیرشاہ پولیس نے 24 سال کے بعد 2 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتارکرلیا، گرفتار ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ملائیشیا فرارہوکر روپوشی کی زندگی بسر کر رہا تھا۔ شیرشاہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم محمد زبیر ولد محمد عثمان کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیر قانونی 30 بور پسٹل بھی برآمد کرلی ہے۔


اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان نے بتایا کہ گرفتار ملزم 24 سال قبل 1995 میں شیر شاہ تھانے کے علاقے میں2 پولیس اہلکاروں دولت شاہ اور کانسٹیبل اقبال شاہ کو قتل کرکے فرار ہوگیا تھا، پولیس نے دونوں اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر24/95 جرم دفعہ 302/34 درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ملائیشیا فرارہوگیا تھا بعد ازاں عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دیا تھا، تاہم شیرشاہ پولیس نے ملزم کی واپسی پر24 سال کے بعد اسے گرفتارکرکے قانون کے کٹھرے میں کھڑا کردیا۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتارملزم سے تفتیش کی جارہی ہے اوردوران تفتیش مزید انکشافات بھی موقع ہیں۔
Load Next Story