پاکستانی ہارر فلم ’کٹاکشا‘ کا ٹیزر جاری

فلم کی کہانی 4 افراد کے گرد گھومتی ہے جو ایک ٹی وی چینل کے لیے آسیب زدہ مقامات پر پروگرام ریکارڈ کرتے ہیں

فلم کی عکسبندی چکوال ڈسٹرک میں موجود ہندوؤں کے تاریخی قدیم کٹاس راج مندر میں کی گئی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی ڈراؤنی فلم 'کٹاکشا' کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان کی ہارر فلم 'کٹاکشا' کا ٹیزر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی پسند کیا جارہا ہے۔ اپنے اچھوتے نام کی وجہ سے شائقین پہلے ہی 'کٹاکشا' کا انتظار کررہے ہیں تاہم فلم کے ٹیزر نے شائقین کی جستجو کو مزید بڑھا دیا ہے۔

35 سیکنڈز دورانیے کے ٹیزر میں 5 افراد کو ایک گاڑی میں کہیں جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ان پانچ افراد میں 2 لڑکیاں ، 2 لڑکے اور ظاہری وضع قطع سے ان کا ایک ملازم شامل ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=ehkcGu7xsDU


'کٹاکشا' کی ہدایت کاری کے فرائض سجاد علی شاہ نے انجام دیئے ہیں جو سوشل میڈیا پر ابو علیحہ کی عرفیت سے جانے جاتے ہیں، انہوں نے اس سے قبل 'عارفہ' کی بھی ہدایت کاری کی تھی، فلم کی مرکزی کاسٹ میں سلیم معراج، کرن تعبیر، نمرا شاہد ، قسیم خان اور مبین گبول شامل ہیں۔ فلم کا نام پوٹھوہار ریجن میں ہندوؤں کے لئے متبرک مقام کٹاس راج سے لیا گیا ہے اور فلم کی زیادہ تر شوٹنگ بھی وہیں کی گئی ہے۔



'کٹاکشا' کی کہانی کے حوالے سے کرن تعبیر کا کہنا ہے کہ یہ فلم غیر روایتی ہے کیونکہ اس میں نا تو کوئی آئٹم سانگ ہے اور نا ہی محبت بھرے مناظر۔ فلم چار افراد کے گرد گھومتی ہے جوکہ ایک نیوز چینل کے لئے کام کرتے ہیں اور آسیب زدہ مقامات پر شو ریکارڈ کرتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک شو ریکارڈ کرنے کی غرض سے وہ ایک ایسی جگہ جاتے ہیں جہاں ماضی میں قتل کی ایک واردات ہوچکی ہے اور اس کے بعد وہاں ہونے والے پراسرار واقعات کی وجہ سے لوگ اسے آسیب زدہ قرار دے چکے ہیں۔

کرن تعبیر کے مطابق فلم کے کرداروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے باعث کہانی میں کئی موڑ آتے ہیں کہ کیا وہ جگہ واقعی آسیب زدہ ہے یا نہیں۔ فلم کی کہانی بہت یی دلچسپ اور ناظرین کی توقعات کے برعکس ہے، اُمید ہے شائقین کو ضرور پسند آئے گی۔
Load Next Story