ڈیانا کا کردار زندگی کا مشکل ترین کردار تھانومی واٹس

لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی

لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی فلم اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی. فوٹو : فائل

برطانوی نژادہالی وڈ اداکارہ نومی واٹس نے اپنے فلمی کیر ئیر میں متعدد چیلنجنگ کردار ادا کیے ہیں اور انہیں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے لیکن انہوں نے برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ سحر انگیزشخصیت کی مالک آنجہانی پرنسز ڈیانا کا کرداران کی زندگی کا مشکل ترین کردار تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب مجھے فلم''ڈیانا'' کے ڈائریکٹر اولیور ہرس بیگل نے لیڈی ڈیانا کا کردار کرنے کی پیش کش کی گئی تو میں نے انہیں کئی بار منع کردیا تھا لیکن وہ بضد تھے کہ اس کردار کے لیے سب سے موزوں اداکارہ میں ہی ہوں۔ اور میرے انکار کی وجہ صرف یہی تھی کہ مجھے نہیں لگتا تھا کہ میں پرنسز ڈیانا جیسی شخصیت کو بھرپور طریقے سے ادا کر پاؤں گی۔ یہ کردار میری زندگی کا سب سے مشکل کردار ثابت ہواکیوں کہ جب آپ کسی ایسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کا کردار ادا کریں جس کے مسکرانے کے انداز سے بھی کروڑوں لوگ واقف ہو تو پھر خود کو اس کردار میں ڈھالنا مشکل ترین کام ہوتا ہے۔ پوری فلم میں میری یہی کوشش رہی کہ میں اس کردار کو اس قدر مہارت کے ساتھ ادا کروں کہ جس طرح ڈیانا سالوں بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں اسی طرح فلم میں میرا کردار بھی امر ہوجائے۔




پرنسز آف ویلز لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی فلم''ڈیانا'' کی کہانی ان کی زندگی کے آخری دوسالوں کے گرد گھومتی ہیں۔ جس میں ان کے پاکستانی نژاد ڈاکٹر حسنات اور دودی الفا ید کے ساتھ کے ساتھ تعلقات کو بیان کیا گیاہے۔ فلم میں ڈاکٹر حسنات اور پرنسز کی پہلی ملاقات کی بھی منظر کشی کی گئی ہے۔

مشہور اسکرپٹ رائٹر اسٹیفن جیفریز کی لکھی گئی اس کہانی میں ڈیانا کا کردار نومی واٹس ، ڈاکٹر حسنات کا کردارنیوین اینڈریوز اور دودی الفاید کا کردار کاس اینوار نے ادا کیا ہے ۔ اداکارلارینس بیلچر نے پرنس ولیم اور اداکار ہیری ہولینڈ نے پرنس ہیری کا کردار اداکیا ہے جب کہ فلم میں لیڈی ڈیانا کے خاص ملازم پال بریل کا کردار بھی اس کی حقیقی زندگی کی طرح خاصی اہمیت کا حامل ہے۔

پال بریل کا کردار ڈگلس ہوج نے کیا ہے۔ فلم ڈیانا کا ورلڈ پریمیئر پانچ ستمبر کو لندن میں کیا جائے گا جب کہ بیس ستمبر 2013 کو یہ فلم دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔ فلم''ڈیانا'' کے حوالے سے اب تک برطانیہ کے شاہی خاندان کی جانب سے کوئی تبصر ہ یا بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
Load Next Story