وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

اجلاس میں وزیراعظم کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاون پر بھی بریفنگ دی گئی

اجلاس میں سیکریٹری خارجہ نے افغان امن مذاکرات کے معاملے پر بریفنگ دی فوٹو: سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیرتعلیم شفقت محمود، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی اور سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاون پر بھی بریفنگ دی گئی جب کہ وزیراعظم کے بیان پر افغان حکام کے حالیہ ردعمل پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری خارجہ نے افغان امن مذاکرات کے معاملے پر بریفنگ دی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر بھی تبادلہ خیال گیا جب کہ بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد کی صورت حال پر بھی بات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، افغانستان میں امن سے پورے خطے کا امن جڑا ہے، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
Load Next Story