وزیراعظم کووفاقی وزیرداخلہ قومی پالیسی پرآج بریفنگ دینگے

وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے.

وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے. فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف کو وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی دہشت گردی کے خلاف بنائی جانے والی قومی پالیسی بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے پس پردہ محرکات سمیت اہم امور پر آج بریفنگ دینگے، دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی آئندہ ہفتے متوقع کابینہ کی دفاعی کمیٹی میں بھی پیش کی جائے گی۔


تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا ہے جس پر چوہدری نثار آج وزیراعظم میاں نوازشریف کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اس پالیسی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے طالبان سے مذاکرات اور دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم تجاویزدی جارہی ہیں۔ وزیرداخلہ وزیراعظم کو بلوچستان کی تازہ ترین صورتحال اوربیرونی مداخلت کے حوالے سے وزیراعظم کواہم بریفنگ دیں گے جن کی روشنی میں بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے آئندہ ہفتے بلوچستان حکومت کو اعتماد میں لے کر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ بلوچستان کے جن علاقوں میں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنا رکھے ہیں وہاں بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کرنے کے ضمن میں وزیراعظم نوازشریف آئندہ چندروز میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک اور صوبائی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جارہا ہے جس میں دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی پر کمیٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ کمیٹی کے اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہ بھی شرکت کرتے ہیں اور پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیرالدین بھی اپنا موقف دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کریں گے۔معلوم ہواہے کہ وزارت داخلہ نے انسداددہشت گردی پالیسی کے حتمی مسودے میں جو تجاویزدی ہیں ان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نئی فورس تشکیل، مرکزی کنٹرول روم کے قیام، کالعدم تنظیموں کو نئے نام سے کام کی اجازت نہ دینے، فورسز اورخفیہ اداروں میں معلومات کاتبادلہ یقینی بنانے، دہشت گردوںکو کڑی سزائیں دینے، انسداددہشت گردی عدالتوں کوسیکیورٹی فراہم کرنے اورقوانین میں ترامیم کی سفارشات کی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اقتدارسنبھالنے کے بعدآج دوسری مرتبہ وزارت داخلہ کادورہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے سیکریٹری ناصرکھوسہ کی طرف سے وزارت داخلہ کوپیر کی سہ پہریہ پیغام دیا گیاکہ وزیراعظم منگل کو وزارت داخلہ کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے اس پیغام کے بعد وزیرداخلہ کی صدارت میں ایک اجلاس ہوا جس میں پالیسی کے بعض نکات تیارکیے گئے اوروزارت داخلہ کے سینئرحکام رات گئے تک بریفنگ کی تیاری کرتے رہے۔
Load Next Story