شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین ایک بار پھر آمنے سامنے

جہانگیر ترین سرکاری میٹنگز میں بیٹھ کر اپوزیشن کو باتیں کرنے کا موقع دے رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

جہاں بھی جاتا ہوں وزیراعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں،جہانگیرترین

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان ایک بار پھر لفظی گولا باری شروع ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ اور رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے بے پناہ خدمات ہیں تاہم وہ سرکاری اجلاسوں میں بیٹھ کر اپوزیشن کو باتیں کرنے کا موقع دے رہے ہیں، جب جہانگیر ترین سرکاری میٹنگ میں بیٹھتے ہیں تو مریم نواز کو بولنے کا موقع ملتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب جہانگیر ترین سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو وہ چیف جسٹس کے فیصلے کی تضحیک کرتے ہیں کیونکہ وہ اس فیصلے کے بینچ میں شریک تھے لہذا میری گزارش ہے کہ جہانگیر ترین ایسا نہ کریں کہ جس سے انگلیاں اٹھیں۔


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے اعتراض پر جہانگیر ترین نے جواب میں کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وزیراعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں، سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف اور صرف وزیر اعظم کو جواب دہ ہوں، پاکستان کی خدمت میرا حق ہے اور اس حق کو شاہ محمود سمیت کوئی بھی مجھ سے چھین نہیں سکتا۔



سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جہانگیر خان ترین نے ٹوئٹ میں کہا کہ میری زندگی میں صرف ایک ہی شخص ہے جسکو میں جواب دہ ہوں، اس شخص کا نام عمران خان ہے، میں عمران خان کے برے اور اچھے وقت میں ساتھ کھڑا رہا اور آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ رہوں گا، کوئی اپنے ذاتی مقصد کی وجہ سے کچھ بھی بولے مجھے فرق نہیں پڑتا۔
Load Next Story