ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ماہ میں 8 لاکھ 39 ہزار چالان 20 کروڑ 9 لاکھ جرمانہ

مخالف سمت گاڑی چلانے والے 4 ہزار 152 افراد گرفتار،بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے والوں کے 2 لاکھ 65 ہزار 650 چالان کیے

سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے پر 18 ہزار 186، زائد نشست والے سی این جی رکشا کے 14 ہزار 217 چالان کیے، ڈی آئی جی ٹریفک۔ فوٹو: فائل

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں، ٹریفک قوانین کی پاسداری سب پر لازمی ہے خلاف ورزی پر چالان اور جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

ٹریفک پولیس صرف شہریوں کے ہی نہیں بلکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے بھی چالان کر رہی ہے ٹریفک پولیس نے رواں سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 8 لاکھ 39 ہزار سے زائد چالان کرکے20کروڑ 9 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کیا ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 20.48 فیصد سے زائد ہے۔

ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل ضرور ہیں لیکن اس کی تمام ذمے داری ٹریفک پولیس پرعائد کر دی جائے یہ مناسب نہیں ، مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام ،ٹوٹ پھوٹ کاشکار سڑکیں ، سیوریج نظام کی خرابی کے باعث سڑکوں پر پانی کا جمع ہوجانا اورتجاوزات سمیت دیگر وجوہات کے باعث ٹریفک جام ہوتاہے۔


ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے دن بھر سڑکوں پر موجود ہوتے ہیں ،رواں سال کے ابتدائی 3ماہ کے دوران سب سے زیادہ چالان 4 لاکھ 24 ہزار 46 مخالف سمت (رانگ وے) کی خلاف ورزی پر کیے گئے جس میں غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی چلانے والے 4 ہزار 152 افراد کو گرفتار کر کے زیر دفعہ 279 کے تحت مقدمات بھی قائم کیے گئے۔

بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے 2 لاکھ 65 ہزار 650 چالان کیے گئے اسی طرح سے فینسی نمبر پلیٹ پر 12 ہزار 192 ، اوپن لیٹر پر گاڑی چلانے پر 12 ہزار 813 ، بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑیاں چلانے پر 10 ہزار 90 ، بغیر رجسٹریشن نمبر کے گاڑی چلانے پر 4 ہزار 623 ، سگنلز کی خلاف ورزی پر 13 ہزار 876 ، کم عمری میں گاڑی چلانے والوں کے 15 ہزار 403 چالان کیے گئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے پر 18 ہزار 186 ، غیر قانونی چنگچی رکشا کے 536 ، زائد نشست والے سی این جی رکشا کے 14 ہزار 217 چالان کیے گئے ۔

اس کے علاوہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کے آگاہی کے حوالے سے مختلف مہمات بھی شروع کی گئیں جبکہ ٹریفک پولیس اپنے طور پر بھرپور کوششیں کر رہی ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک منظم انداز میں چلے اور اسی حوالے سے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کی ہدایت پر شارع فیصل پر موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے مخصوص لین بنائی گئی جبکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے فرینڈلی پٹرول کار چلانے کا آغازکیا اوران گاڑیوں میں تعینات اسٹاف بشمول لیڈی پولیس کا عملہ ان شہریوں کو انعام کے طور پرکیپس اورکی چین سمیت دیگر تحائف پیش کرتے ہیں۔
Load Next Story