وزیراعظم کا غیر قانونی گیس کنکشنز کے خلاف کارروائی کا حکم

گیس چوری میں معاونت فراہم كرنے والے گیس كمپنیوں كے اہلكاروں كیخلاف بھی كارروائی یقینی بنائی جائے، عمران خان

انتظامی كوتاہیوں كا نتیجہ گیس كی قیمت میں اضافے اور صارفین پر بوجھ كی صورت میں نكلتا ہے، وزیراعظم ۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان نے غیر قانونی گیس کنکشنز کےخلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم عمران خان كی زیر صدارت گیس كے زیاں كی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا جس وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سیكریٹری خزانہ، سیكریٹری پٹرولیم، ایم ڈی سوئی ناردرن، ایم ڈی سوئی سدرن و دیگر افسران نے شركت كی۔

اجلاس میں وزیر اعظم كو بتایا گیا كہ اس وقت گیس كا زیاں یو ایف جی (Unaccounted for Gas) سوئی ناردرن كے سسٹم میں تقریباً 11 فیصد جب كہ سوئی سدرن میں 16 فیصد سے زائد خسارے كا باعث بن رہا ہے جس كی كل مالیت 45 ارب روپے كے لگ بھگ ہے، اس زیاں میں گیس چوری، لیكج و دیگر وجوہات شامل ہیں۔


وزیر اعظم كو نقصانات كی تفصیلات بیان كرتے ہوئے بتایا گیا كہ 19 ارب روپے چوری كی مد میں، سوا 11 ارب لیكیج جب كہ تقریباً ساڑھے 14 ارب روپے سالانہ نقصان دیگر وجوہات كی وجہ سے ہو رہا ہے جب کہ سیكریٹری پٹرولیم كی جانب سے گیس زیاں پر قابو پانے كے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس مو قع پر وزیر اعظم عمران خان نے غیر قانونی گیس كنكشنز کےخلاف فوری کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ گیس چوری میں معاونت فراہم كرنے والے گیس كمپنیوں كے اہلكاروں كے خلاف بھی سخت ترین كارروائی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گیس سسٹم میں كسی بھی وجہ سے ہونے والے نقصانات كا بوجھ عوام پر پڑتا ہے، سسٹم كی خامیوں اور انتظامی كوتاہیوں كا نتیجہ گیس كی قیمت میں اضافے اور صارفین پر بوجھ كی صورت میں نكلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم كے موجودہ نقصانات كی شرح اور اس كے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے بے جا بوجھ ناقابل قبول ہے، ان نقصانات پر قابو پانے كے لئے ہر ممكن كوشش بروائے كار لائی جائے۔
Load Next Story