بدین تاجروں کو دھمکیاں دینے اور بھتے کے 2 ملزمان رہا

ملزمان کے والدین وفد کی صورت میں تاجر وں اور خواجہ برادری کے پاس جا کر معافی مانگیں گے۔

بیرسٹر حسنین مرزا کی سر پنچی میں فیصلہ، ملزمان کے والدین نے تاجروں سے معافی مانگ لی

بدین کے تاجروں کو پرچیاں اور خط لکھ کر بھتہ طلب کرنے، اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان کو بدین پولیس نے رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے بیٹے ایم پی اے بیرسٹر حسنین مرزا کی سر پنچی میں مرزا فارم ہائوس پر تاجروں کو پرچیاں اور خط لکھ کر بھتہ طلب کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان حاکم علی چانڈیو، معشوق ہنگورجو اور ان کے والدین اور تاجر سیٹھ زاہد حسین خواجہ، سجاد حسین خواجہ اور خواجہ برادری کے معززین کے درمیان فیصلہ ہوا۔


جس میں گرفتار ملزمان پر جرم ثابت ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملزمان کے والدین وفد کی صورت میں تاجر وں اور خواجہ برادری کے پاس جا کر معافی مانگیں گے اور یقین دلائیں گے کہ آئندہ ملزمان ایسی کاروائی نہیں کرینگے۔

فیصلے کے مطابق ہفتے کی شام ملزمان کی طرف سے سندھ پیپلز یوتھ ضلع بدین کے صدر واحد بخش چانڈیو اور ملزمان کے والدین، برسٹر حسنین مرزا کے نمائندے، پیپلز پارٹی تعلقہ بدین کے صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن کی موجودگی میں سیٹھ زاہد حسین خواجہ کی رہائش گاہ پرخواجہ برادری سے معافی مانگی، جس کے بعد دونوں ملزمان کو بدین پولیس نے رہا کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بدین تھانے پر درج بھتہ خوری کا مقدمہ چند روز میں ختم کردیا جائے گا۔
Load Next Story