یوم آزادی کی تقریب پرویزخٹک کی عدم شرکت پر اے این پی نے سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرادی

یوم آزادی کے موقع پر وفاق نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسلام آباد کیوں طلب کیا، اے این پی کا تحریک التوا میں سوال

اتنے اہم دن پر پرویز خٹک آرام سے سوئے ہوئے تھے اس لئے انہوں نے تقریب میں شرکت نہیں کی، ترجمان اے این پی سینیٹر زاہد خان فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی عدم شرکت کے خلاف سینٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔

گزشتہ روز ایکسپریس نیوز پر اس حوالے سے نشر ہونے والی خبر پر اے این پی کے سینٹرز حاجی عدیل اور زاہد خان نے آج سینٹ میں تحریک التوا جمع کرائی جس میں وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا گیا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر وفاق نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسلام آباد کیوں طلب کیا اور آخر اتنے اہم دن پر وزیراعلیٰ کو کس کام کے لئے اسلام آباد طلب کیا گیا۔


سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے ترجمان سینٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق اتنے اہم دن پر پرویز خٹک آرام سے سوئے ہوئے تھے اس لئے انہوں نے تقریب میں شرکت نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا میں پرچم کشائی کی تقریب پشاور کے پولیس لائنز ایریا میں منعقد ہوئی تھی جہاں پرویز خٹک کے موجود نہ ہونے پر پرچم کشائی صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے کی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story