اسپورٹس فیڈریشنز کی گرانٹ کا آڈٹ کرایا جائے گا

ہاکی، فٹبال، بیس بال، باکسنگ، سائیکلنگ ودیگر کے حسابات کی جانچ پڑتال ہوگی

ہاکی، فٹبال، بیس بال، باکسنگ، سائیکلنگ ودیگر کے حسابات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ فوٹو : فائل

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تحت آنے والی قومی اسپورٹس فیڈریشنز کو حکومت اور انٹرنیشنل باڈیز سے ملنے والی گرانٹ کاآڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ ملکی اسپورٹس فیڈریشنز کو مقابلوں کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کیلیے حکومت اور انٹرنیشنل باڈیزکی طرف سے بھاری رقوم ملتی ہیں، اب ان کا آڈٹ کرایا جائے گا، پہلے مرحلے میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (جنرل عارف حسن گروپ)، ہاکی، فٹبال، بیس بال، تائیکوانڈو، سوئمنگ، باکسنگ، سائیکلنگ فیڈریشنز کے حسابات کی جانچ پڑتال ہوگی،بعد ازاں گالف، کراٹے، ووشو، نیٹ بال، ایتھلیٹکس، باڈی بلڈنگ، رسہ کشی، ویٹ لفٹنگ، جمناسٹک، جو جٹسو، اسکی فیڈریشنز کا آڈٹ کرایا جائے گا۔




اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیزادہ نے کہا کہ ہم قومی اداروں کو بحال کرنے کیلیے کوشاں ہیں، فیصلے سخت ضرور ہیں مگر ان کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم جلد پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملات کو درست کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، قومی فیڈریشنز کی آڈٹ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد مستقبل کی منصوبہ بندی تیار کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ چند فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کو کھیلوں کی انٹرنیشنل باڈیز سے خطیر رقم بطور امداد ملتی لیکن اسے کھلاڑیوں کے بجائے اپنے ذاتی مفاد کیلیے خرچ کیا جاتا ہے، ایسا کرنا ملک کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔
Load Next Story