حکومت نے ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اتھارٹی‘‘ کے قیام کی منظوری دیدی

پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس تیار کیے جائیں گے جس کا افتتاح وزیراعظم رواں ماہ کی 17 تاریخ کو کریں گے

وفاقی کابینہ نے عالمی سطح کی میڈیا یونیورسٹی کی تعمیر کی بھی منظوری دی،، فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں ''نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اتھارٹی'' بنانے کی منظوری دے دی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر میڈیابریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ''نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اتھارٹی'' کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس تیار کیے جائیں گے۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی ملازمین کے لیے اسلام آباد میں 25 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے اور اس اسکیم کا وزیراعظم رواں ماہ کی 17 تاریخ کو افتتاح کریں گے جب کہ بلوچستان میں پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 10ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کابینہ کے فیصلوں سے مزید آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونس ڈھاگہ کو چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کا چارج دیا گیا ہے جب کہ عمر رسول کو سرمایہ کاری بورڈ کا نیا سیکرٹری بنانے اور سیکریٹری ایوی ایشن کوچیئرمین سول ایوی ایشن کا چارج دیا گیا ہے، عالمی سطح کی میڈیا یونیورسٹی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی،

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے مختلف معاہدے طے پاگئے ہیں جس میں ایک معاہدے کے تحت یو اے ای میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کی تفصیلات ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تکمیل کے قریب ہے ۔
Load Next Story