قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل مزید مشاورت کیلیے موخر

معاملے پر اپوزیشن کے تحفظات، مناسب نمائندگی دی جائے،جماعت اسلامی، ایم کیوایم

کمیٹیوں کی تشکیل درست کی جائے،تحریک انصاف، تحفظات دور کیے جائیں گے، شیخ آفتاب۔ فوٹو: فائل

LONDON:
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل جمعرات کو بھی نہ ہوسکی،حزب اختلاف کے تحفظات کے باعث مزید مشاورت کے لیے موخرکردیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے پبلک اکائونٹس کمیٹی سمیت قومی اسمبلی کی34قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری کیلیے تحریک پیش کی۔نکتہ اعتراض پرجماعت اسلامی کے شیراکبرخان نے کہا کہ ان کی جماعت کو کمیٹیوں میں مناسب نمائندگی نہیں دی گئی۔جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے سید آصف حسنین نے کہا کہ ان کے بھی کمیٹیوں کے تشکیل کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ ایم کیو ایم کوبھی مناسب حد تک نمائندگی دی جائے۔




وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ کمیٹیوں کے ارکان کا فیصلہ تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ کیاگیا ہے اگرفاضل رکن کو اطمینان نہیں ہے تو ہم ان کے ساتھ بیٹھ کران کی تسلی کرا دینگے۔ہمارے لیے ایوان کے تمام ارکان یکساں حیثیت کے حامل ہیں۔ تمام جماعتوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔وفاقی وزیررانا تنویرحسین نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکرفیصلہ کیا گیا ہے۔جب بھی ضرورت محسوس ہوئی مشاورت سے طے کرلیا جائیگا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اپوزیشن کے تحفظات دور کرنے کے لیے اس معاملے کو مشاورت کے لیے مزید ایک دودن موخرکردیا جائے تواس میں کوئی حرج نہیں ہو گا۔
Load Next Story