400عربی فزیکل ایجوکیشن اور ڈرائنگ ٹیچرز کو تقررنامے جاری

سندھی لینگویج ٹیچرکی طرز پر ایک بار پھر سفارشی بنیادوں پر ٹیچرز کو تقرر نامے جاری کیے گئے ہیں۔

تقرر نامے ٹیسٹ نتائج کے اجرا کے بغیر جاری کیے ، ڈرائنگ ٹیچرز کیلیے ٹیسٹ بھی نہیں لیا گیا

ڈائریکٹر اسکولز کراچی کے تحت سندھی لینگویج ٹیچرز کی خلاف ضابطہ بھرتیوں کے بعد 400سے زائد عربی ٹیچرز، فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز اور ڈرائنگ ٹیچرز کو تقررنامے جاری کردیے گئے ہیں، یہ تقرر نامے تحریری ٹیسٹ کے نتائج کے اجرا کے بغیر ہی جاری کیے گئے ہیں جبکہ ڈرائنگ ٹیچرز کی بھرتیوں کے سلسلے میں ٹیسٹ کا انعقاد بھی نہیں کیا گیا اور سندھی لینگویج ٹیچرکی طرز پر ایک بار پھر سفارشی بنیادوں پر ٹیچرز کو تقرر نامے جاری کیے گئے ہیں۔


یہ تقرر نامے بھی ڈائریکٹر اسکولز کراچی کے سوک سینٹر میں قائم دفتر کے بجائے سندھ کی ایک اعلیٰ شخصیت کے دفتر سے ہی جاری کیے گئے ہیں، تقرر نامے قائم مقام ڈائریکٹر اسکولز شمس الدین دل کے دستخط سے جاری ہوئے ہیں،اس سے قبل300 سندھی لینگویج ٹیچرز کے تقرر نامے بھی ٹیسٹ کے نتائج جاری کیے بغیر ان ہی کے دستخط سے جاری ہوئے تھے،سفارشی بنیادوں پر تقرر ناموں کے اجرا سے میرٹ پر اسکول اساتذہ بھرتی کرنے کے اعلان کونہ صرف نظرانداز کر دیا گیا بلکہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے میرٹ پر بھرتیاں کرنے کیلیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات پر بھی عمل نہیں کیا جاسکا ہے۔

واضح رہے کہ 20 گریڈ کے ڈائریکٹر اسکولز نیازلغاری نے اس طرح کی بھرتیوں کے عمل میں شرکت کرنے سے انکار کردیا تھاجس کے بعد وہ طویل رخصت پر چلے گئے اور حیدرآباد کے ڈائریکٹر اسکولز نیازشمس الدین دل کو سفارشی بھرتیوں کو مکمل کرنے کیلیے ڈائریکٹراسکولز کراچی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
Load Next Story