نیٹوسپلائی کی بحالی حکومت کی سنگین غلطی ہےانجینئر نوید قمر

ڈرون حملے حکومتی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہیں جب تک نیٹو رسد بند تھی امریکا کو ڈرون حملہ کرنے کی جرأت نہیں ہوئی.

رواں ماہ 38سے زائد بے گناہ مسلمان ڈرون حملوں کی نذر ہو چکے ہیں،رہنما جماعۃ الدعوۃ

جماعۃ الدعوۃ کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں جب تک نیٹو رسد بند تھی امریکا کو ڈرون حملہ کرنے کی جرأت نہیںہوئی لیکن اب رسد بحالی کے بعد ڈرون حملوں میں پہلے سے زیادہ شدت آ گئی ہے۔


شمالی وزیرستان آپریشن اور ڈرون حملوں کا تسلسل ملکی سلامتی و خودمختاری کے خلاف ہے ،حکمراں بیرونی دبائو سے نکل کر امریکی مفاد کے بجائے ملک و ملت کی بقا کے فیصلے کریں، انجینئر نوید قمر نے پاکستان میں جاری امریکی جارحیت پرشدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ 38سے زائد بے گناہ مسلمان ڈرون حملوں کی نذر ہو چکے ہیں، امریکی اتحاد کا حصہ بننے کے بعد پاکستانی حکومت کی دوسری بڑی سنگین غلطی نیٹو سپلائی کی دوبارہ بحالی ہے۔

انھوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اگر موجودہ حکومت ڈرون حملوں سمیت امریکا کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت رکوا نہ سکی تو یہ اس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہوگا،انھوں نے کہا کہ ڈرون حملے،شمالی وزیرستان میں آپریشن کی امریکی فرمائش اور بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں یہ سب دشمنان اسلام کی سازشیں ہیں ،حکمرانوں و سیاستدانوں کو یہ سازشیں سمجھ کر امریکا کو صاف طور پر کہہ دینا چاہیے کہ اب ملک کا مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے،انجینئر نوید قمر نے کہا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے حوالے سے بھی کسی قسم کا بیرونی دبائو قبول نہ کیا جا ئے۔
Load Next Story