مودی کو اکثریت نا ملی تو وہ حالات خراب کرنے کی کوشش کرے گا شیخ رشید

مودی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے دہشتگردی کی کوشش کرسکتا ہے، وزیرریلوے

حکومت کے لیے 3 ماہ بہت اہم ہیں، وفاقی وزیر

ISLAMABAD:
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مودی کو بھارتی انتخابات میں اکثریت نا ملی تو وہ حالات خراب کرنے کی کوشش کرے گا اور بلوچستان و خیبرپختونخوا میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے دہشتگردی کی کوشش کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرریلوے شیخ رشید، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت، وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور صوبائی وزیر حافظ ممتاز کے ساتھ بذریعہ ٹرین راولپنڈی روانہ ہوگئے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ریلوے روڈ کا افتتاح کریں گے جب کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کو اپ گریڈ کرکے وویمن یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔


روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مودی کو اگر بھارتی انتخابات میں اکثریت نا ملی تو وہ حالات خراب کرنے کی کوشش کرے گا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مودی اپنے نیٹ ورک کے ذریعے دہشتگردی کی کوشش کرے گا۔

وزیر ریلوے نے اپوزیشن رہنماوں کی ضمانتوں کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انصاف کے اوپر انگلی اٹھانا درست بات نہیں لیکن ان فیصلوں پر تنقیدی نوٹ پڑھے ہیں، میں قانونی ماہر نہیں مگراعتزاز احسن کا انٹرویو سنا ہے وہ کہتے ہیں ضمانتوں کے ایسے فیصلوں کی دنیا بھر کی تاریخ نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسا شخص ناجائز کیس نہیں چلا سکتا نواز شریف اور زرداری پر کیس ایک دوسرے کے ادوار کے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان چین اور ایران کے دورے کے بعد ایمبیسڈرز اور ان کی فیملی کو ریل کے سفر کی دعوت دیں گے، چار اسٹیم انجن کے پی کے حوالے کررہے ہیں،وزیراعظم کی ٹورزم پالیسی کے تحت صرف انجن کے فیول کا کرایہ لیں گے۔
Load Next Story