شان نے وزیراعظم سے نوجوان فنکاروں کیلیے مدد مانگ لی

پاکستان دنیا بھر میں فلم سازی کے لیے سستا ترین ملک ہے، شان شاہد

پاکستان دنیا بھر میں فلم سازی کے لیے سستا ترین ملک ہے، شان شاہد۔ فوٹوفائل

پاکستان فلم انڈسٹری کے اسٹار شان شاہد نے عمران خان سے نوجوان فنکاروں کے لیے مدد طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان آپ کی تائید اور مدد کے منتظر ہیں۔

اداکار شان شاہد نے ٹویٹر پر وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب وزیر اعظم، ہم یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ آپ پاکستان کو بلند کرنے کے لیے کئی طرح کی جدوجہد میں مصروف ہیں لیکن سر! آپ کو پاکستان کے نوجوان فنکاروں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے جو کہ توانائی سے بھرپور ہیں اور آپ کی تائید اور حکومتی مدد کے منتظر ہیں، ہمیں وہ قوت فراہم کی جائے جس کے تحت نئی مارکیٹوں کے لیے فلم سازی کی جائے۔



شان شاہد نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں فلم سازی کے لیے سستا ترین ملک ہے اور تمام بڑی فلمی صنعتیں کم خرچ کی جانب راغب ہوتی ہیں جو ہم انہیں فراہم کرسکتے ہیں، اگلے پانچ برس میں ڈیجیٹل مواد کا انقلاب آجائے گا اور ہمیں اس کا 65 فیصد حصہ حاصل کرنا ہوگا۔




اداکار شان نے وزیر اعظم عمران خان سے یہ بھی گزارش کی کہ 'ہمیں آپ کی اور آپ کو ہماری ضرورت ہے تو کیوں نہ دماغی روابط بنائے جائیں تاکہ خیالات اور پالیسیاں ایک دوسرے کے قریب پہنچیں۔



انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے سے تسخیر شدہ مارکیٹوں کو دیکھ رہے ہیں ناکہ ایسی مارکیٹوں کو جنہیں اب تک آزمایا ہی نہیں گیا ہم نے تیل کی تلاش کی اور اسے پالیا لیکن اور بھی دولت کی تسخیر ابھی باقی ہے اور وہ یہ کہ پاکستان ٹیلنٹ سے بھرپور ہے'۔
Load Next Story