کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

آج اتوار کو شہر کا مطلع گرم و خشک رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

ہفتے کے روز بارشوں کا مغربی سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوجائےگا، محکمہ موسمیات ( فوٹو : فائل)

شہر قائد میں پیر اور منگل کی درمیانی شب آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے داخل ہونے والے بارشوں کے سسٹم کی وجہ سے زیارت اور جھل مگسی سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں ہفتے کی رات گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔ اس کے تسلسل میں پیر اور منگل کی درمیانی شب بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے جس کا اثرشہر کے مضافاتی علاقوں میں زیادہ شدت سے ہوسکتا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کے مغربی سلسلے کی وجہ سے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی تیز اور درمیانی بارشیں ہونے کی توقع ہے، ہفتے کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 جبکہ شام کے وقت 37 فیصد رہا، ہفتے کو دن بھر سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی رفتار 24 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کو شہرکا مطلع گرم و خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اگلے ایک سے دو روز کے دوران ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
Load Next Story