پاکستان نے مزید 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا

رہائی پانے والے ماہی گیروں کو پیر کے روز واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا

دفترخارجہ نے 360 بھارتی قیدیوں کو 4 مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا فوٹو: فائل

پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت مزید 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے۔

پاکستان کی طرف سے بھارتی قیدیوں کی رہائی کے دوسرے مرحلے میں مزید100 ماہی گیروں کو آزادی مل گئی ہے۔ رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر پیر کو واہگہ بارڈر کے راستے اپنے وطن لوٹ جائیں گے۔


بھارتی ماہی گیروں کو کراچی سے ٹرین کے ذریعے لاہورریلوے اسٹیشن اوریہاں سے بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچایا جارہا ہے، جہاں انہیں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے عارضی سفری دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔

دفترخارجہ نے رواں ماہ 360 بھارتی قیدیوں کو 4 مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا، رہائی پانے والے بھارتیوں میں 355 ماہی گیر اور5 سویلین شہری شامل ہیں۔ 8 اپریل کو100 بھارتی ماہی گیروں کی پہلی کھیپ کو رہا کیا گیا تھا۔ اب 22 اپریل کو مزید 100 ماہی گیر جبکہ 29 اپریل کو55 ماہی گیر اور5 سویلین رہا کیے جائیں گے۔

یکم جنوری 2019 میں پاکستان اوربھارت کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ جس کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں 537 بھارتی شہری قید ہیں جن میں 54 سویلین جبکہ 483 ماہی گیر شامل ہیں جبکہ بھارتی جیلوں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 347 ہے جن میں 249 سویلین اور 98 ماہی گیرشامل ہیں۔
Load Next Story