پنجاب سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں نے تباہی مچادی 25 افراد جاں بحق

بارش برسانے والا سسٹم کل رات پاکستان سے بھارت اورشمالی علاقوں میں نکل جائے گا، محکمہ موسمیات

سیلابی ریلے میں کئی کچے گھر بھی بہہ گئے: فوٹو: فائل

پنجاب سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اورژالہ باری نے تباہی مچادی جب کہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ملک بھرمیں طوفانی ہواؤں اورتیز بارشوں سے دیواریں گرنےاورمختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بارشوں سے گندم سمیت سیکڑوں ایکڑپرکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جب کہ سیلابی ریلے میں کئی کچے گھربھی بہہ گئے۔

شانگلہ میں چغرزئی کے مقام پربارش سے سڑک پر پھسلن کے باعث گاڑی کھائی میں جاگری، جس سے گاڑی میں سوار 4 افراد جاں بحق اور7 زخمی ہوگئے۔ اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھا میں چھت گرنے سے تین ننھی بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔ بلوچستان کے ضلع ڈھاڈرمیں بارش سے کچے مکان کی چھت گرنے سے دوبچے ملبے تلے دب کرجاں بحق ہوگئے دکی اورسبی میں دیوارگرنے سے دوافراد جاں بحق ہوئے جب کہ بارکھان میں ندی سےایک شخص کی لاش ملی۔


بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، سبی، مستونگ اوردیگر علاقوں میں بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

بارشوں سے ڈیرہ غازی خان اورراجن پورکے ندی نالے بھی بپھرگئے۔ حاجی پورکے قریب سے 70 ہزارکیوسک کا سیلابی ریلا تباہی مچاتا گزررہا ہے جبکہ کاہا سلطان میں 21 ہزاراورنالہ چھاچھڑمیں 3 ہزارکیوسیک کا ریلا موجود ہے۔

ادھرخیبرپختون خوا حکومت نے بارشوں کے باعث ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اورسیلابی ریلوں کے پیش نظرالرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ دوسری طرف حیدرآباد میں ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے اورمختلف علاقوں سے بجلی غائب رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کل رات پاکستان سے بھارت اور شمالی علاقوں میں نکل جائے گا۔
Load Next Story