عراق میں بم دھماکوں اور پُر تشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک
عراق میں بم دھماکوں اور پُرتشدد واقعات میں مقامی کونسل کے رکن سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد میں 2 مختلف مقامات پر بم دھماکوں میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں زیادہ تر سرکاری ملازمین شامل تھے، پہلا دھماکا بس اسٹاپ کے نزدیک ہوا جب کہ دوسرا ایک سپر مارکیٹ کے باہر ہوا۔ عراق کے شہر کرکوک کے جنوبی علاقے سے ایک دن قبل اغوا کئے گئے مقامی کونسل کے رکن کی لاش برآمد ہوئی، مقامی کونسل کے رکن کی لاش پر تشدد کے نشانات تھے اور اسے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
بغداد کے شمال میں واقع شہر مقدادیہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے گاڑی میں سوار ٹیچر ہلاک ہو گیا، ٹیچر کا تعلق سنی فرقے سے تھا اور اس نے شیعا آبادی والے علاقے سے 2006 میں نقل مکانی کی تھی اور 2 ماہ قبل ہی اس علاقے میں واپس آیا تھا۔
عراق میں شیعا سنی فسادات شدت اختیار کر چکے ہیں اور رواں سال ان فسادات کے نتیجے میں اب تک 3 ہزار 490 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔