موسم سرما میں پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی کم کرنیکا کا پلان تیار

گیس کمپنی نے پلان نومبر میں ہونیوالے طلب میں اضافے کے پیش نظر مرتب کیاجو جنوری میں عروج پر،مارچ میں نیچے آنا شروع ہوگی

موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے کے لیے کمپنی نے گیس سپلائی میں تخفیف کا پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے. فوٹو: فائل

لاہور:
سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسم سرما میں گیس کی طلب میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاور سیکٹر کو گیس سپلائی میں تخفیف کا پلان تیار کرلیا ہے۔

موسم سرما میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافے کا سلسلہ نومبر سے شروع ہوگا جو جنوری تک اپنے عروج پر پہنچنے کے بعد مارچ میں طلب نیچے آنا شروع ہوگی۔ سدرن ریجن میں فروری 2014کے دوران 441ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہوگا، فروری میں گیس کا شارٹ فال 411ایم ایم سی ایف تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے، سدرن ریجن میں جولائی اگست کے دوران گیس کا شارٹ فال 193ایم ایم سی ایف ڈی رہا، ستمبر میں شارٹ فال بڑھ کر 271ایم ایم سی ایف ڈی، اکتوبر میں 271، نومبر میں 313، دسمبر میں 358 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچنے کا امکان ہے۔

موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے کے لیے کمپنی نے گیس سپلائی میں تخفیف کا پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے جو سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کے کراچی میں ہونے والیی حالیہ اجلاس میں سینیٹ کے اراکین کو گیس سپلائی میں تخفیف کے پلان سے آگاہ کیا جاچکا ہے۔ پلان کے مطابق موسم سرما کے تین مہینوں دسمبر سے فروری کے دوران پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی میں 198ایم ایم سی ایف ڈی کمی کا سامنا ہوگا۔ کے ای ایس سی کے لیے گیس کی ایلوکیشن 236ایم ایم سی ایف ڈی، جامشورو کے لیے 62ایم ایم سی ایف ڈی، کوٹری پاور کے لیے 20اور پاور سیکٹر کے لیے مجموعی ایلوکیشن 318ایم ایم سی ایف ہے تاہم جولائی میں پاور سیکٹر کو 242ایم ایم سی ایف اور اگست میں 237ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی ممکن ہوسکی۔




جامشور پاور کو گیس کی فراہمی ستمبر سے جون تک بند رہیگی جبکہ کوٹری پاور کو گیس کی فراہمی اکتوبر سے فروری تک بند کردی جائیگی، اس طرح پاور سیکٹر کو 318ایم ایم سی ایف ڈی کی مجموعی ایلوکیشن کے مقابلے میں دسمبر سے فروری کے دوران صرف 120ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائیگی۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو گیس کی فراہمی دسمبر سے مارچ کے دوران 116ایم ایم سی ایف ڈی کم رہیگی، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو جولائی اگست کے دوران 220ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جاتی رہی تاہم دسمبر سے فروری تک کے ای ایس سی کو 120ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائیگی۔ جامشورو پاور پلانٹ کو 62ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ کوٹری پاور کو 20ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہوگا۔

سندھ میں سی این جی سیکٹر کو 70ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے جس میں جنوری سے اپریل کے دوران 40ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کی جائیگی۔ فرٹیلائرز انڈسٹری کو گیس کی فراہمی میں جنوری فروری کے دوران 80ایم ایم سی ایف ڈی کی کمی کی جائیگی۔ نومبر سے فروری کے دوران سدرن ریجن میں جنرل انڈسٹری کو گیس کی فراہمی 32سے 45ایم ایم سی ایف ڈی کم کردی جائیگی، کیپٹیو پاور کو دسمبر میں 41، جنوری میں 54 جبکہ فروری تا مارچ 47ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم فراہم کی جائیگی۔ سندھ میں نومبر کے دوران مجموعی طور پر 349ایم ایم سی ایف ڈی، دسمبر کے دوران 349ایم ایم سی ایف ڈی، جنوری میں 432ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ فروری میں 402ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم فراہم کی جائیگی۔
Load Next Story