بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیر اعلانیہ اضافے سے شہری پریشان

ڈیڑھ، دو اور ڈھائی گھنٹے مرحلہ وار لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں مجموعی دورانیہ بالترتیب6، ساڑھے7اور 9 گھنٹے کردیا گیا ہے

اتوار کو گرڈاسٹیشن میں فنی خرابی کی وجہ سے نصف سے زائد گلشن اقبال میں بجلی کی فراہمی 10 گھنٹے سے زائد معطل رہی۔ فوٹو: فائل

کے ای ایس سی نے دانستہ بجلی کی پیداوار میں کمی کرکے غیر اعلانیہ طور پر بجلی کے دورانیے میں ڈیڑھ سے2 گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے۔

گرڈ اسٹیشنز میں آنیوالی خرابیوں کی وجہ سے شہرکے بڑے حصے میں10 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیرمعمولی اضافے کا فیصلہ وقتی طور پر موخر کردیا گیا ہے تاہم کے ای ایس سی حکام نے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود نہ صرف شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں ڈیڑھ سے 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا تھا۔


شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جن علاقوں میں 3 مرتبہ ایک ایک گھنٹے کی مرحلہ وار لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ساڑھے 4 گھنٹے کردیا گیا ہے جبکہ اس طرح ڈیڑھ، 2 اور ڈھائی گھنٹے مرحلہ وار لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں مجموعی دورانیہ بالترتیب 6 ، ساڑھے 7 اور 9 گھنٹے کردیا گیا ہے، کے ای ایس سی ذرائع کے مطابق اتوار کو تعطیل کی وجہ سے بجلی کی طلب میں نمایاں کمی کے باوجود کے ای ایس سی انتظامیہ دانستہ طور پر بجلی کی پیداوار انتہائی محدود کردی تھی اور اس کمی کو پورا کرنے کیلیے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کیا گیا تھا۔



ذرائع نے بتایا کہ کے ای ایس سی اتوار کو فرنس آئل نہ ہونے کے برابر بجلی پیدا کررہی تھی اور نجی بجلی گھروں سے بھی انتہائی کم مقدار میں بجلی حاصل کی جارہی تھی شہر کا مکمل انحصار واپڈا سے اور قدرتی گیس سے پیدا کی جانے والی بجلی پر تھا، اتوار کی صبح 10 بجے گلشن گرڈاسٹیشن میں فنی خرابی کی وجہ سے نصف سے زائد گلشن اقبال میں بجلی کی فراہمی مسلسل 10 گھنٹے سے زائد معطل رہی، رات 8 بجے متاثرہ علاقوں میں کچھ دیر کیلیے بجلی بحال کی گئی آدھے گھنٹے بجلی پھر چلی گئی اور رات گئے تک بحال نہیں کی جاسکی تھی جس کی وجہ سے گلشن اقبال کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہری پینے کے پانی کی فراہمی سے بھی محروم رہے۔
Load Next Story