وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں فواد چوہدری اور غلام سرور کے قلم دان تبدیل
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی منظوری دے دی جس کے بعد وفاقی کابینہ ڈویژن نے وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے کر انہیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کو وزیر خزانہ کے عہدہ سے ہٹادیا گیا
حکومت نے اپنی مدت کے پہلے وزیر داخلہ کا تقرر کردیا ہے اور اعجاز شاہ کو وزیر داخلہ کی ذمہ داری سونپ دی ہے جب کہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو وزیر سیفران بنادیا گیا ہے۔ وزیر صحت عامر کیانی کو فارغ کردیا گیا ہے۔ اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کے قلم دان بھی تبدیل کردیے گئے ہیں۔ میاں محمد سومرو سے ایوی ایشن کا چارج واپس لے کر غلام سرور کو ایوی ایشن کا قلمدان دے دیا گیا ہے اور ان کے پاس موجود پیٹرولیم کی وزارت واپس لے کر ندیم بابر کو معاون خصوصی برائے پیٹرولیم مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر خزانہ اسد عمر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وفاقی کابینہ میں بھی تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا۔