چین میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 105 سے زائد افراد ہلاک

طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 80 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

چین کے شمال مشرقی علاقوں میں آئے تاریخ کے بدترین سیلاب نے 72 لوگوں کی جانیں نگل لیں۔ فوٹو: رائٹرز

چین میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 105 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 115 لاپتا ہو گئے۔


چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے شمال مشرقی علاقوں میں آئے تاریخ کے بدترین سیلاب نے 72 لوگوں کی جانیں نگل لیں جب کہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 80 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ چین کے صوبے لیاؤننگ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی مچائی، سیلابی ریلے پانی کے ساتھ 54 معصوم جانیں بہا لے گئے جب کہ 97 افراد لا پتا ہو گئے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 2 ہزار 800 چینی فوجی اہلکار امدادی کارروائیاں سر انجام دے رہے ہیں۔

چین کے جنوبی علاقوں میں بھی سیلاب سے 33 افراد ہلاک ہو گئے، چین کے جنوب میں واقع صوبہ گوانگ ڈانگ میں گزشتہ ہفتے اُتر نامی طوفان کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 8 لاپتا ہو گئے تھے، سیلاب سے رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا جب کہ بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے صوبے کے ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمدو رفت بند کر دی گئی۔

Recommended Stories

Load Next Story