معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی16 ویں برسی منائی گئی

خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا

خالدہ ریاست کی ٹیلی ویژن کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی انھیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ فوٹو: فیس بک

KHAIRPUR:
ماضی کی معروف ٹی وی آرٹسٹ خالدہ ریاست کی گذشتہ روز 16 ویں برسی منائی گئی ، ان کی اداکاری نے ٹیلی وژن انڈسٹری پر جو نقش چھوڑے وہ آج بھی کہیں نہ کہیں دکھائی دیتے ہیں۔ اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی ماضی کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مختلف کردار نبھا کر خود کو منوایا۔


وہ یکم جنوری 1953ء کو پیدا ہوئیں اور 1970ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن پر اداکاری شروع کی ۔ ان کے مشہور ڈراموں میں کھویا ہوا آدمی ' دھوپ دیوار' سلورجوبلی ' تعبیر ' اب تم جاسکتے ہو' پناہ ' بندش 'ہاف پلیٹ اور پڑوسی شامل ہیں۔ ان میں سے 80ء کی دہائی میں بننے والے ڈرامے "بندش" میں خالدہ ریاست نے اداکاری کے بے مثال جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں میں وہ جگہ بنائی کہ کامیابیاں ان کے قدم چومتی چلیں گئیں۔

خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا۔ 90 کی دہائی میں بننے والے طویل دارانیے کے کھیل "ہاف پلیٹ" میں معین اختر کے سنگ اداکاری کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ ہر کردار کو نبھانا بخوبی جانتی ہیں۔ خالدہ ریاست کی کامیابیوں کا مزید سلسلہ دراز ہوتا مگر کینسر جیسے موذی مرض نے اس باصلاحیت اداکارہ کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔ 26 اگست 1996 کو خالدہ ریاست کینسر سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئیں مگر ان کی ٹیلی ویژن کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی انھیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
Load Next Story