کراچی اورنگی ٹاؤن میں گھر سے خاتون اور دو بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد

جائے وقوع پر ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا، لگتا ہے ملزمان کی تعداد ایک سے زائد ہے، پولیس

جائے وقوع پر ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا، لگتا ہے ملزمان کی تعداد ایک سے زائد ہے، پولیس (فوٹو : فائل)

اورنگی ٹاؤن میں گھر کے اندر سے خاتون اور دو بچوں کی گلا کٹی لاشیں ملیں جبکہ سہراب گوٹھ میں جھاڑیوں سے نوجوان کی لاش ملی جسے نامعلوم مقام پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔


ایکسپریس کے مطابق اتوار کی شب اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں داتا چوک پر غوثیہ کلینک کے برابر والی گلی میں گھر کے اندر سے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملیں جنھیں گردن پر تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کیا گیا۔


ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان نے ایکسپریس کو بتایا کہ جائے وقوع پر ہر طرف خون ہی خون پھیلا ہوا تھا اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملزمان کی تعداد ایک سے زائد تھی، یہ گھر صدیق نامی شخص کا ہے جو پیشے کے اعتبار سے ٹیلر ماسٹر ہے اور علاقے میں ہی اس کی دکان ہے، وقوعہ کے وقت علاقے میں بجلی کی سپلائی منقطع تھی، ہمیں صدیق نے بتایا ہے کہ وہ رات 8 بجے گھر سے کسی کام سے نکلا تھا اور جب رات کو 10 بجے واپس آیا تو گھر میں اس نے لاشیں دیکھیں۔



شوکت کٹھیان نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ تینوں افراد کو تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کیا گیا، مرنے والوں میں صدیق کی اہلیہ 32 سالہ انیلہ اور اس کے دو جڑواں بچے تین سالہ بریرہ فاطمہ عبدالہادی شامل ہیں۔


پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے جب کہ فارنسک ٹیم بھی موقع پر پہنچی، جائے وقوع سے آلہ قتل برآمد نہیں ہوا، خاتون ایم ایل او نہ ہونے کے باعث تینوں لاشیں رات گئے پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئیں، بعدازاں لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔


ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب صدیق اپنے گھر واپس پہنچا تو پہلے اس نے معمول کے مطابق دروازہ کھٹکھٹایا لیکن دروازہ نہ کھلنے پر جب اس نے زور زور سے پیٹا تو اہل محلہ بھی جمع ہوگئے۔


ایک سوال کے جواب میں پڑوسی کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس سے قبل کسی قسم کی کوئی مشکوک حرکت یا مشکوک افراد کی نقل و حرکت نہیں دیکھی۔


دریں اثنا سہراب گوٹھ کے علاقے چھوٹا گبول ٹاؤن میں جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، پولیس حکام کے مطابق مقتول کی عمر 25 برس معلوم ہوتی ہے جسے نامعلوم ملزمان نے کسی مقام پر سینے پر دو گولیاں مار کر ہلاک کیا اور لاش جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہوگئے، مقتول کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Load Next Story