پٹرولیم پراڈکٹس مہنگی ہونے سے صنعتی لاگت بڑھ گئی

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کوپھر تباہی کی جانب دھکیل دے گا

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے فیصلہ واپس لینے اوراخراجات میںکمی کرنےکا مطالبہ کیا۔ فوٹو: کریٹیو کامنز

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین عبدالرشید فوڈروالا اور وائس چیئرمین اشعرجمیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کو معیشت کی افزائش میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسی سازوں کے غیردانشمندانہ فیصلوں سے نہ صرف تاجروصنعتکار بلکہ عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کوپھر تباہی کی جانب دھکیل دے گا کیونکہ صرف پٹرولیم ٹیرف بڑھنے سے صنعتی شعبے کی مینوفیکچرنگ لاگت میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوگیا ہے جس سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے لہٰذا حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھاری مشاہروں پر تعینات پالیسی سازوں کواپنی پیشہ ورانہ حکمت کے جوہردکھانے کا پابند بنانے کے احکامات جاری کرے تاکہ ان پروفیشنل پالیسی سازوں کی پیشہ ورانہ قابلیت سے عام آدمی بھی مستفید ہو سکے۔


جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر جعفرکوڑیا نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی معیشت کوشدید مشکلات لاحق ہیں اور ان حالات میں پٹرولیم ٹیرف میں اضافہ تشویشناک امرہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بین الاقوامی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی مزید مشکل ہوجائیگی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اخراجات کا بوجھ عوام اورصنعتوں پرمنتقل کرنے کے بجائے عوام اورصنعتوں کوریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کرے بصورت دیگر ملک میں مقامی اوربیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بلاجوازہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلیے ضروری ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازسرنوجائزہ لیتے ہوئے اس میں کمی کے اقدامات کیے جائیں۔
Load Next Story