بھارت میں پارلیمانی انتخابات کا تیسرا مرحلہ مقبوضہ کشمیر میں بائیکاٹ

اننت ناگ میں ووٹنگ کے دوران کرفیو کا سماں،پولنگ اسٹیشنز سنسان

بھارت میں پارلیمانی انتخابات 7 مرحلوں میں ہورہے ہیں فوٹو: فائل

بھارت کی 13 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام 2 علاقوں میں پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے انتخابات کے نام پر رچائے گئے ڈھونگ کو مسترد کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی 13 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام 2 علاقوں میں ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 117 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہورہی ہے ان میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی آبائی ریاست گجرات بھی شامل ہے۔


اس مرحلے میں بی جے پی کے صدر امت شاہ اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی سمیت متعدد وفاقی وزراء اور سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔ سب سے دلچسپ مقابلہ گجرات میں ہوگا جہاں بی جے پی صدر امت شاہ کا مقابلہ کرنے کے لیے کانگریس نے اس بار لال کرشن ایڈوانی کے بجائے غیر معروف رہنما کو میدان میں اتارا ہے جب کہ خود راہول گاندھی جنوبی ریاست کیرالہ کے علاوہ روایتی سیٹ اترپردیش سے بھی میدان میں ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے نام پر رچائے گئے بھارتی ڈھونگ کی تیسری قسط بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے، مقبوضہ وادی کے علاقے اننت ناگ میں ووٹنگ کے دوران کرفیو کا سماں ہے، پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کو لوگوں کا انتظار ہے جب کہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے ماتحت فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں پارلیمانی انتخابات 7 مرحلوں میں ہورہے ہیں، اب تک دو مرحلے مکمل ہوچکے ہیں ان انتخابات میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
Load Next Story