ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو سہل بناکر متعارف کرایا جائے تاجر

تاجروں اور صنعت کاروں نے ایک تاڈیڑھ فیصد ادائیگی پراثاثے قانونی کرنیکی تجویز دیدی

صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات میں وفاقی بجٹ کی تحریری تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ فوٹو: فائل

صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات میں تاجربرادری نے مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک تاڈیڑھ فیصد ادائیگی پراثاثے قانونی کرنے کی تجویز دیدی۔

ذرائع نے بتایا کہ پلاسٹک مینوفیکچررز، ٹائر، ٹیکسٹائل، ریڈی میڈ گارمینٹس، اسٹاک ایکس چینج سمیت 12 مختلف نمائندہ تجارت وصنعتی تنظیموں کے نمائندوں نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی، تاجروں نے صدر مملکت سے ملاقات میں وفاقی بجٹ کی تحریری تجاویز بھی پیش کیں۔


ملاقات کے دوران تاجروصنعتکاروں نے اس بات پر زور دیا کہ مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو پیچیدگیوں سے پاک اور سہل بناکر متعارف کرایا جائے اور اسکیم سے استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھانے کے لیے صرف ایک تاڈیڑھ فیصد ٹیکسوں کی ادائیگیوں کے عوض ظاہر کردہ اثاثوں کو قانونی بنانے کی سہولت دی جائے۔

دوران ملاقات تاجربرادری کا کہنا تھا کہ مزکورہ تجویز پر عمل درآمد کی صورت میں مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم معیشت کو دستاویزی بنانے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

تاجروں نے صدرمملکت کو بتایا کہ ایمنسٹی اسکیم سے استفادے کے لیے اگر ٹیکس کی زائد شرح رکھی گئی تو ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد کم ہوگی جس کے نتیجے میں حکومت کو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکیں گے، صدرمملکت عارف علوی تاجرنمائندوں کو یقین دلایا کہ وہ انکی تجاویز اور تحفظات سے حکومت کو آگاہ کریں گے۔
Load Next Story