جرأتمند افغان ٹیم آسٹریلیا کیلیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوئی

افغان ٹیم 273 رنز کا ہدف تو حاصل نہیں کرپائی مگر طاقتور حریف کے سامنے 206 رنز جوڑ کراس نے شائقین کے دل جیت لیے

سابق ورلڈ چیمپئن اور دنیا کی بہترین ٹیم ہونے کے باوجود کینگروز کو افغانستان کے ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
جرأتمند افغان سائیڈ آسٹریلیا کیلیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوئی، افغانستان کی زبردست فائٹ کے باعث کینگروز کو واحد ون ڈے میں صرف 66 رنز سے فتح نصیب ہوئی، 49 پر 4 وکٹیں کھونے کے باوجود اصغر استنکزئی اور محمد نبی کی مزاحمت کے بل پر افغان ٹیم 206 رنز بنا پائی، اصغر نے 66 اور محمد نبی نے 4 فلک بوس چھکوں کی مدد سے 46 رنز جوڑے، مچل اسٹارک نے 4 اور جیمز پیٹنسن نے 3 وکٹیں لیں۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل افغانستان کے ساتھ واحد ون ڈے میں 66 رنز سے کامیابی حاصل کی، سابق ورلڈ چیمپئن اور دنیا کی بہترین ٹیم ہونے کے باوجود کینگروز کو افغانستان کے ناتجربہ کار کھلاڑیوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، وہ توقع کے برعکس آسٹریلیا کیلیے ترنوالہ ثابت نہیں ہوئے، پہلے افغان بولرز نے آسٹریلیا کو شاندار بولنگ کی وجہ سے 272 رنز 8 وکٹوں پر محدود کیا، کوئی بھی آسٹریلوی کھلاڑی سنچری نہیں بناپایا اور پھر جواب میں افغان ٹیم 273 رنز کا ہدف تو حاصل نہیں کرپائی مگر طاقتور حریف کے سامنے 206 رنز جوڑ کر بھی اس نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔

افغانستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہوا اس کے 4 ٹاپ آرڈر بیٹسمین صرف 49 رنز پر پویلین لوٹ گئے، مچل اسٹارک نے جاوید احمدی کو صفر پر ٹھکانے لگایا جبکہ دوسرے اوپنر کریم صادق بھی 17 رنز بناکر اسٹارک کا ہی شکار ثابت ہوئے، دوسرے اینڈ سے جیمز پیٹنسن نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد شہزاد(11) کو وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کا کیچ بنایا جبکہ کپتان نوروز مینگل کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس موقع پر اصغر استنکزئی اور محمد نبی کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 86 رنز کی شراکت ہوئی، اصغر استنکزئی نے 66 رنز بنائے جبکہ محمد نبی نے 4 فلک بوس چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز جوڑے،گلبدن نائب 22 اور نجیب اللہ زدران 14 رنز بناسکے۔پوری ٹیم 43.5 اوورز میں میدان بدر ہوگئی۔
Load Next Story