پاکستان نے زمبابوین سرزمین پر ہتھیار تیز کرنا شروع کردیے

حریف کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل نہیں کرنے دیں گے،اس بار بھی ہدف صرف جیت ہوگا،واٹمور

گرین شرٹس ٹور کا آغاز جمعے کو پہلے ٹوئنٹی 20میچ سے کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI:
پاکستان نے زمبابوین سرزمین پر ہتھیار تیز کرنا شروع کردیے، میزبان سائیڈ کے خلاف جمعے سے شروع ہونے والی سیریز کیلیے ہرارے اسپورٹس کلب میں بھرپو پریکٹس کی۔

کوچ ڈیوواٹمور کا کہنا ہے کہ زمبابوے کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل نہیں کرنے دیں گے، اس بار بھی ہدف صرف جیت ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہرارے میں پہنچنے کے اگلے روز پریکٹس کا آغاز بھی کردیا، کھلاڑیوں نے کوچ ڈیو واٹمورکی رہنمائی میں ٹریننگ کی۔ گرین شرٹس ٹور کا آغاز جمعے کو پہلے ٹوئنٹی 20میچ سے کریں گے جبکہ اس طرز کا دوسرا میچ اگلے روز کھیلا جائے گا، ون ڈے سیریز منگل سے شروع ہوگی، دوسرا ایک روزہ میچ جمعرات اور جبکہ آخری مقابلہ 29 اگست کو ہوگا، پہلا ٹیسٹ 3 ستمبر کو شروع ہوگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ بولاوایو میں 10 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔




دریں اثنا کوچ ڈیو واٹمور نے ایک بار پھر زمبابوین ٹیم پر واضح کردیا کہ وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہیں کیونکہ پاکستانی ٹیم یہاں پر صرف جیت کیلیے آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم دوبارہ زمبابوے آمد پر بہت خوش ہیں، ہمارے زیادہ تر پلیئرز پہلے یہاں آکر کھیل چکے ہیں، ہم ہر میچ میں صرف جیت کیلیے میدان میں اترتے اور اس بار بھی ہمارا مقصد مختلف نہیں ہوگا، انھوں نے کہا کہ زمبابوین ٹیم اپنے ہوم گرائونڈز پر کھیل رہی جس کا انھیں ایڈوانٹج حاصل ہوگا مگر ہم بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نتائج اپنے حق میں لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ واٹمور نے مزید کہا کہ ہرارے اسپورٹس کلب کی وکٹ اچھی اور ہم نے یہاں پر بھارت کے میچز کی ویڈیوز دیکھ کر معلومات جمع کی ہیں یہ ایک اچھا گرائونڈ اور یہاں پر بہترین سہولیات میسر ہیں، ہم میزبان سائیڈ کے خلاف سیریز کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔
Load Next Story