پاکستان انٹرنیشنل رگبی ایونٹ کی میزبانی کیلیے تیار

ازبکستان کی ٹیم سے 15اے سائیڈ میچ آج شام لاہوراکیڈمی میں کھیلا جائے گا

ازبکستان کی ٹیم سے 15اے سائیڈ میچ آج شام لاہوراکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو:فائل

کرکٹ کے بعد پاکستان رگبی کے میدان میں بھی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرنے کیلیے تیارہیں۔

ازبکستان کی رگبی ٹیم ایشین ڈویژن تھری سی کے2 ٹیسٹ میچزکی سیریز کھیلنے لاہور پہنچ گئی، سیریزکا پہلا میچ اتوار کی شام پاکستان رگبی اکیڈمی میں پاکستان ٹیم سے کھیلا جائیگا، 8 کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل مقابلے کے دوران پہلی بارایکشن میں دکھائی دیں گے۔

مقامی ہوٹل میں شیڈول پریس کانفرنس میں پاکستان رگبی یونین کے صدر عارف سعید کا کہنا تھا کہ ازبکستان رگبی ٹیم کی آمد پاکستان رگبی کیلیے اعزاز ہے اور یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، پاکستان میں اور انٹرنیشنل رگبی کی ٹیمیں آئیں گی، عارف سعید کے مطابق چار ممالک سے آفیشلز ان میچز میں ریفری کے فرائض انجام دینگے۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رگبی یونین کی خواہش تھی کہ میچزکا انعقاد پنجاب اسٹیڈیم میں ہو مگر اس وقت گراؤنڈز انٹرنیشنل معیارکے نہیں ہیں اس لیے میچزکا انعقاد پاکستان رگبی اکیڈمی لاہورکینٹ میں ہوگا۔ پہلا میچ بروز اتوار28 اپریل سہ پہر 4 بجے جبکہ دوسرا میچ یکم مئی بروز بدھ سہ پہر 4 بجے کھیلا جائیگا۔ پاکستان رگبی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں اور محکموں سے ہے۔ 8 پلیئرز پہلی بار انٹرنیشنل رگبی 15 سائیڈ میچ میں شریک ہونگے۔

کپتان کاشف خواجہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہرسال ہماری ٹیم بہتر سے بہتر ہورہی ہے۔ امید ہے کہ ازبکستان کوہرا کر پاکستانی ٹیم ڈویژن2 میں شامل ہوجائیگی۔ پاکستان رگبی یونین پلیئرز ڈیولپمنٹ کیلیے گراس روٹ لیول پر بہت کام کررہی ہے۔ ہمارا گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام انتہائی کامیابی سے ہر ضلع اورشہر میں کام کررہا ہے۔ امید ہے کہ زبردست رگبی کے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ کیمپ میں بھی تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 
Load Next Story