پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی بل2013 منظور انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پرہوں گے
پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی بل 2013 کی واضح اکثریت سے منظورکرلیا گیا جس کے مطابق انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی طاہر سندھو نے بھی بل کی شدید مخالفت کی تاہم مسلم لیگ(ن) کو پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہو نے کی وجہ سے بل کی منظوری میں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ آئیں۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پاس 302 سیٹیں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے 3 روز قبل پنجاب میں بلدیاتی انتخابا ت غیر جماعتی بینادوں پر کرانے کی منظوری دی تھی جس کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کی عمر کم ازکم 25 سال ہو گی، شہری اور دیہی سطح پر علیحدہ علیحدہ کونسلیں ہوں گی جن میں یوتھ، ٹیکنوکریٹس کی نشستیں بھی نچلی سطح سے رکھی جائیں گی ، شہری اوردیہی سطح پر بننے والے وارڈز میں 11 کونسلرز ہوں گے جن میں ایک چیرمین اورایک وائس چیرمین ہو گا اس کے ساتھ ساتھ دوخواتین، ایک کسان، اورایک اقلیتی ممبر بھی ہوگا۔