ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت ختم ووٹوں کی گنتی جاری

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے41حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہی۔

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 15،15 ، سندھ اسمبلی اور خیبرپختونخواہ اسمبلی کے4،4 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 3 حلقوں میں 6 ہزار782 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی 15 اور صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں پر ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔


الیکشن کمیشن نے کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 42 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے آج پولنگ کا اعلان کیا تھا تاہم این اے 25 ٹانک میں سیکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر پولنگ منسوخ کردی گئی ہے تاہم 41 دیگر حلقوں میں پولنگ مقررہ وقت صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے انتخابی حلقوں میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا تاہم نجی ادارے کھلے رہے۔

پولنگ کا عمل صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام حلقوں پر فوج تعینات کی گئی۔ کراچی، لاہور اور فیصل آباد کے تمام حلقوں کے علاوہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ استیشنز میں پاک فوج کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو کہ انتخابی عمل کی تکمیل تک وہاں تعینات رہیں گے، پولنگ اسٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسر کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں تاکہ وہ انتخابی عمل کو شفاف رکھنے کے لئے کسی کے بھی خلاف موقع پر کارروائی کرسکے، اس کے علاوہ ملک میں پہلی بار حلقے میں تعینات پاک فوج کے اعلیٰ افسر کو بھی اسی طرح کے اختیارات دیئے گئے ہیں تاکہ پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے مناسب کارروائی نہ ہونے کی صورت میں وہ گر بڑ پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھرپور انداز میں کارروائی کرسکے۔ اس کے علاوہ ہر ریٹرننگ افسر کو بھی اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو جلد سے جلد انتخابی نتائج کی مصدقہ کاپی ارسال کرے تاکہ اس کی شفافیت پر کسی بھی جانب سے سوال نہ اٹھائے جاسکیں۔
Load Next Story