اسلام آباد ٹول پلازا پر وین کو حادثہ 12 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی

چھ زخمی مسافروں کو پمز کے برن سینٹر لایا گیا ہے جن کا 90 فی صد جسم جل چکا ہے

تھانہ نصیر آباد پولیس کے مطابق گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا (فوٹو: فائل)

اسلام آباد ٹول پلازا پر بریک فیل ہونے سے ایک ہائی ایس وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے باعث 12 افراد جاں بحق اور 6 افراد بری طرح جل گئے جن کی حالات تشویش ناک ہے۔

ایکسپریس کے مطابق اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازا پر مسافروں سے بھری ایک ہائی ایس وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والے مسافروں میں دو خواتین، دو بچیاں اور 8 مرد شامل ہیں جن میں سے 6 افراد کی لاشیں بری طرح جلی ہوئی ہیں۔


اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے 12 مسافروں کی ڈیڈ باڈی پمز ہسپتال لائی گئی جب کہ 6 زخمی مسافروں کو پمز کے برن سینٹر لایا گیا ہے جن کا 90 فی صد جسم جل چکا ہے، ان میں ایک خاتون، ایک بچہ اور 4 مرد شامل ہیں جن کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ تھانہ نصیر آباد پولیس کے مطابق گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، گاڑی میں تین گیس سلنڈر بھی موجود تھے،جاں بحق افراد میں سے 4 کی شناخت ہوگئی ہے ان میں فتح محمد، محمد اشرف، ذوالفقار اور محمد وقاص حیدر جب کہ زخمیوں میں محمد عمران، ریحان امجد، افضل مسیح، عمران پرویز اور سعد امین شامل ہیں۔
Load Next Story