افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید 7 زخمی

شمالی وزیرستان کے مقام پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے، آئی ایس پی آر

افغان فورسز کو اپنی طرف دہشت گردوں کے خلاف موثر کنٹرول کی ضرورت ہے، آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں الواڑہ کے مقام پر پاک فوج نے دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنادیا جب کہ کارروائی کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج سرحد پر آزادانہ نقل و حرکت روکنے کے لیے باڑ لگانے میں مصروف تھی کہ افغانستان سے آئے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں الواڑہ کے مقام پر باڑ نصب کرنے والے جوانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنادیا تاہم کارروائی کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 60 سے 70 افغان دہشت گردوں نے الواڑہ میں حملہ کیا،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوگئے، پاکستان کی سرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گا، افغان فورسز کو اپنی طرف دہشت گردوں کے خلاف موثر کنٹرول کی ضرورت ہے۔

Load Next Story