یوم مزدور پر چکوال میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والا مزدور جاں بحق

چھٹی کے باوجود مزدوروں سے کام کروایا گیا اس لئے کان کی لیز منسوخ کردی گئی ہے، صوبائی وزیرمعدنیات

مزدور کی شناخت افسرملک ساکن شانگلہ کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع . ۔ فوٹو:فائل

چوآسیدن شاہ میں مائنز لیبر ویلفئیر اسپتال کےڈاکٹرز نے مزدور کی موت کی تصدیق کی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم چکوال میں کوئلے کی کان میں کام کرنےوالا مزدور جاں بحق ہوگیا، چکوال کی تحصیل چوآسیدن شاہ میں مائنز لیبر ویلفئیر ہسپتال کےڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کر دی ہے۔


جاں بحق ہونے والے مزدور کے ساتھیوں کے مطابق حادثہ ولایت کول کمپنی آڑہ کی مائن نمبر5میں ہوا، اور مرنے والے مزدور کا نام افسر ملک ہے جس کا تعلق شانگلہ سے تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ عام تعطیل کے دن مائن کے اندر کام کروانے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر سرکاری چھٹی کے باوجود کان میں مزدوروں سے کام کا نوٹس لے لیا ہے، وزیرمعدنیات پنجاب کا کہنا ہے کہ آج پوری دنیا میں یوم مزدور ہے اور کان میں بھی چھٹی ہونی چاہیے تھی لیکن چھٹی کے باوجود مزدوروں سے کام کروایا گیا اس لئے کان کی لیز منسوخ کردی گئی ہے، اور معاملے کی تحقیقات کے لئے انسپکٹرز مائنز کو حکم جاری کردیا ہے۔
Load Next Story